اسلام آباد (جنگ نیوز) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ قومی تعمیرو ترقی میں مواصلات کا شعبہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وزارت مواصلات کے تمام ذیلی اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ آئی جی موٹر وے کی زیر قیادت موٹر ویز پر امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنا بھی اعزاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق آئی جی موٹر ویز کلیم امام کی بحیثیت فیڈرل سیکرٹری نارکوٹکس ترقی ہونے پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، نوتعینات انسپکٹر جنرل موٹر ویز پولیس انعام غنی، ڈائریکٹر جنرل پوسٹل سروسز کیپٹن (ر) خالد جاوید، سینئر جوائنٹ سیکرٹری مواصلات محمد سلمان، سی ٹی ٹی آئی افسران و دیگر حکام موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ نئے آئی جی انعام غنی بھی روایات قائم رکھتے ہوئے موٹر ویز کو مثالی فورس بنانے میں بھرپور کردار ادا کرینگے۔ انہوں نے چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا‘ انجینئرز اور ماہرین کی تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور خدمات پر تعریف کی۔ سید کلیم امام کو یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔