پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 20 ارب ڈالر کا معاشی خسارہ 1 ارب ڈالر پر لے آئی ہے ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل میں حسان خاور نے کہا کہ اعداد و شمار سے نظر چرانا اور تنقید برائے تنقید مسلم لیگ ن کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر بات آئے تو ن لیگ آئیں بائیں شائیں کرتی ہے، شریف حکومت 20 ارب ڈالرکا معاشی خسارہ چھوڑ کر گئی۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت یہ خسارہ 20 ارب ڈالر سے ایک ارب ڈالر پر لائی، پٹرول کی قیمتوں پر سیاست کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی قیمتوں کا عوام تک اثر کم سے کم پہنچا رہی ہے، حمزہ شہباز بے پر کی اڑانے سے پہلےاعداد و شمار پر نظر دوڑالیا کریں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ سی ایم آفس پر پہلے بھی ٹرانسفر پوسٹنگز میں مداخلت کے الزامات لگائے گئے، نثار گِل اور علی احمد کی کہانی حمزہ شہباز کی یادداشت سے اتر گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیمان شہباز کے یہ دونوں کلاس فیلوز سی ایم آفس میں ڈائریکٹرز تعینات کیے گئے، ملازمین کے نام پر جعلی اکاؤنٹس بنانے کی روش بھی شریف خاندان کا کام رہا ہے۔