اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہنگامی طورپر طلب کر لیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کے مطابق پی ڈی ایم کا بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی آئی خان سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمتِ عملی پر غور ہو گا۔
حافظ حمد اللّٰہ نے مزید بتایا کہ اجلاس میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمتِ عملی پرغور ہو گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس میں 10 نومبر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمتِ عملی پر بھی غور ہو گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے طلب کردہ مشترکہ اجلاس سے 18 بل پاس کروانے ہیں۔
ان بلوں میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے، ای ووٹنگ اور ای وی ایم جیسے بل بھی شامل ہیں۔