حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے ن لیگ کی پالیسی اور حالیہ سیاسی طرز عمل پر علامہ محمد اقبال ؒ کا شعر پڑھ دیا۔
ن لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں حسان خاور نے کہا کہ’ن لیگ ’آئین نو سے ڈرنا، طرز کہن پہ اڑنا‘ کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ ن لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت بھی دھاندلی نہ ہونے کے خوف سے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 120ارب روپے کا ٹارگٹڈ ریلیف پیکیج بھی ن لیگ کی متعصب نظروں سے نہیں گزرے گا۔
حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ مقامی چینی کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے، پنجاب بھر میں درآمد شدہ چینی 90 روپے کلو میں بک رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں آٹا اور چینی پنجاب سمیت تمام صوبوں کی نسبتاً مہنگے بک رہے ہیں، مراد علی شاہ کی حکومت کرشنگ میں تاخیر سے دانستہ بحران کو دعوت دے رہی ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جا رہے ہیں، سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پر ن لیگ کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تِلوں میں تیل ہوتا تو اب تک متحد ہو کر استعفیٰ دے چکے ہوتے۔