لاہور،ملکوال(نمائندہ جنگ) پنجاب حکومت نے چینی مافیا کیخلاف 3ایم پی او کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور میں2بروکر گرفتار ملکوال اور پاہڑیانوالی میں چینی کے 430تھیلے برآمد،گودام سیل کردئے گئے،معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ مینٹننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او ) کے آرٹیکل 3کی شق نمبر ایک کے تحت بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کے جرم میں ملوث کسی بھی شخص کوحکومت 30دن کیلئے حراست میں رکھنے کے احکامات جاری کرسکتی ہے،پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے ذمہ دار بروکرز کو 30روز کیلئے نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنروں کو سخت کارروائی کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔