• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت T20 ورلڈ کپ سے باہر: کپل دیو کھلاڑیوں پر برس پڑے

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے پر سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’جب کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنے پر انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کو ترجیح دیتے ہیں تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں، کھلاڑیوں کو اپنی قوم کے لیے کھیلنے پر فخر کرنا چاہیے۔‘

کپل دیو نے کہا کہ ’میں ان کے مالی حالات نہیں جانتا اس لیے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ سب سے پہلے ملک کی ٹیم اور پھر فرنچائزز ہونی چاہئیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فرنچائز کے لیے کرکٹ نہ کھیلو لیکن ذمہ داری اب بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ اپنی کرکٹ کو بہتر انداز میں پلان کرے، اس ٹورنامنٹ میں ہم نے جو غلطیاں کی ہیں اسے نہ دہرانا ہمارے لیے سب سے بڑا سبق ہے۔‘

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ’یہ مستقبل کو دیکھنے کا وقت ہے، آپ کو فوراً منصوبہ بندی شروع کر دینی چاہیے۔‘

کپل دیو نے مزید کہا کہ ’مجھے صرف یہ لگتا ہے کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان کچھ فرق ہونا چاہیے تھا۔‘

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا۔

اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

تازہ ترین