کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی طرح چین نے بھی علاقائی سطح پر افغانستان کے معاملے پر سیکورٹی مذاکرات میں شرکت کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اب بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول ایران، روس، قازقستان، کرغزستان، ترکمانستان، ازبکستان اور تاجکستان کے وزرائے خارجہ کی نئی دہلی میں میزبانی کریں گے۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بات کی جائے گی جہاں طالبان نے حال ہی میں اقتدار سنبھالا ہے۔ روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نکولائی پیٹروشیف نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ ایران کی نمائندگی ایرانی قومی سلامتی کے سیکریٹری ایڈمرل علی شام خانی کریں گے۔ وسط ایشیائی ممالک سے بھی سینئر سیکورٹی عہدیدار اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نئی دہلی کی جانب سے چین اور پاکستان کو بھی دعوت دی گئی تھی تاہم دونوں نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے مشیر معید یوسف نے شرکت سے انکار کیا تھا۔