• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحور شہزاد کی کھلاڑیوں کا مستقبل بچانے کی اپیل

پاکستان نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر اولمپئین ماحور شہزاد نے کھلاڑیوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس ختم کرنے سے کھلاڑیوں کا نقصان ہو گا، حکومت سے اپیل ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کو بند نہ کیا جائے گا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپئین بیڈ منٹن پلئیر ماحور شہزاد نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹس کھلاڑیوں کو ملازمتیں دیتے ہیں، انہیں مراعات ملتی ہیں اور یہ دیکھ کر کھلاڑی اس طرف آتے ہیں اور اچھے سے اچھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، اگر ڈیپارٹمنٹس میں اسپورٹس نہیں ہو گی تو وہ کھلاڑیوں کو کیوں رکھیں گے، وہ کھلاڑیوں کو فارغ کر دیں گے اور کھلاڑی بے روز گار ہو جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک تو کھلاڑی بے روز گار ہوں گے تو دوسرا مستقبل میں نوجوان کھیلوں کی طرف نہیں آئیں گے ، جب کھلاڑی نہیں آئیں گے تو پھر پاکستان میں کھیلوں کا معیار گرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں میں بہت تشویش پائی جاتی ہے ، کھیل پر فوکس ہونے کی بجائے ان کو یہ فکر ستا رہی ہے کہ ان کا مستقبل کیا ہو گا ۔

ماحور شہزاد نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ڈیپارٹمنٹس کے صوبوں اور ریجنز کو فنڈز دینے کیا فائدہ ہو گا ، اگر انہیں ہی پیسے دینے ہیں تو پھر وہ براہ راست کھلاڑیوں کو کیوں نہ دیں جیسے اب دے رہے ہیں ، حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ، کھلاڑیوں کے مستقبل کو بچانا وقت کی ضرورت ہے۔

ماحور نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز کو انتخابات سے بھی روک رکھا ہے ، میں پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کی بات کروں تو ان کے انتخابات عالمی گورننگ باڈی کے طریقہ کار کے مطابق دسمبر تک ہونا ہیں ، اب اگر فیڈریشن انتخابات کراتی ہے تو پی ایس بی ایکشن لے گی اور اگر نہیں کراتی تو پھر ورلڈ باڈی کے قوانین کی خلاف روزی ہو گی ، اس لیے ان معاملات کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے اور کھیلوں کھلاڑیوں اور ان کے منتظمین کے لیے اچھا ماحول پیدا کرنا چاہیے ۔

تازہ ترین