• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کراچی میں کلب ہاکی مقابلوں کا انعقاد خوش آئند قدم

کسی بھی کھیل میں نئے کھلاڑیوں کو تلاش کرنے اور انہیں مستقبل کے حوالے سے تیار کرنے کے لئے کلب مقابلے اہم کردار ادا کرتے ہیں، قومی کھیل ہاکی ہو یا کوئی بھی دوسرے مقابلے ان میں ماضی میں سامنے آنے والے کھلاڑیوں کی اکثریت کلب مقابلوں سے ہی آگے آئی،ایک زمانے میں قومی کھیل ہاکی میں چار سے پانچ کھلاڑیوں کا تعلق قومی ٹیم میں کراچی سے ہوتا تھا ، مگر آہستہ آہستہ کے ایچ اے کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کراچی کے کھلاڑی قومی ٹیم اور قومی سطح سے نایاب ہوگئے، کے ایچ اے کے موجودہ سکریٹری سید حیدر حسین کی کاوشوں سے ایک بار پھر کراچی میں ہاکی کا کھیل نئے کھلاڑیوں میں مقبولیت حاصل کرنے لگا ہے۔ 

انہوں نے پہلے مرحلے میں کے ایچ اے اسٹیڈیم کےنظام میں بہتری لائی، مختلف سطح پر بوائز اور گرلز کے کیمپ لگائے اور اب ایک بار پھر کراچی میں کلب ہاکی مقابلوں کو فعال کردیا، طویل عرصے بعد کراچی میں ہونے والےلی انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں کے ایچ اے کے کلبوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، حیدر حسین کا کہنا ہے کہ اگلے سال کلب مقابلوں میں انڈر23 عمر کے قانون کا اطلاق ہوگا، کے ایچ اے ملک کی ان خوش نصیب ایسوسی ایشن میں شامل ہے جسے سندھ حکومت کی مکمل سر پرستی حاصل ہے۔

صوبائی وزیر شہلا رضا خود اس کا حصہ ہیں، گزشتہ چار سال سے سندھ وہ واحد صوبہ ہے جو ہاکی کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ سب سے زیادہ عملی طورپر سرگرم عمل ہے، اب تو کراچی میں قائم بوسیدہ خستہ حال عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا اغاز سندھ حکومت کا ایسا فیصلہ ہے جس کے باعث اسے قومی کھیل کی خدمت کے حوالے سے وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں ایک ایسا مقام دلادیا ہے جس کا کوئی ثانی نہیں، سندھ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ صوبے میں کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت اور ان کی فلاح بہبود کے لئے ایسی ٹیم تشکیل دے جس سے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کو تقویت ملے.وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی ارباب لطف اللہ نے کلب ہاکی کا افتتاح کیا۔ 

فائنل میں یوتھ ہاکی کلب بلوز نے کراچی گلیڈی ایٹر کو 0-6 سے شکست دیکر کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ جیت لی، فاتح ٹیم کے عبدالرحمن میچ کے بہترین کھلاڑی، زین العابدین چیمپئن شپ کے ایمرچنگ پلئیر اور حارث نصیر ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، فائنل کے مہمان خاص قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان احمد عالم نے کاشف جواد کے ساتھ کھلاڑیوںمیں انعامات تقسیم کئے۔ 

اس موقع پر سندھ کی صوبائی وزیر و پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ونگ سندھ کی جنرل منیجر سیدہ شہلا رضا، کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ، ڈاکٹر ثاقب انصاری،عارف بھوپای، تسنیم عثمانی، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سابق کپتان ناصر علی،ندیم معاذ جی ڈاکٹر ایس اے ماجد، سرفراز اکبر،ذیشان الطاف لویا ،پرویز اقبال سمیت دیگر موجود تھے ۔ انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ میں شریک 32 کلبز کو 8 گروپ میں تقسیم کیا گیا تھا۔

تازہ ترین
تازہ ترین