پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بروقت ویزے جاری کر دیئے جائیں گے اور پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے میڈیا کو بتایا کہ جونیئر ہاکی ٹیم کے ویزوں کے حوالے سے انڈین ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے، انڈین ہاکی فیڈریشن سے بھی بات کر رہے ہیں، ہمیں بتایا گیا ہے کہ وقت پر ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔
آصف باجوہ نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ بھی اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، امید ہے کہ رواں ہفتے حکومت کی جانب سے این او سی بھی مل جائے گا اور ویزوں کا معاملہ حل ہو جائے گا۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی 20 نومبر کو بھارت روانگی شیڈولڈ کی گئی ہے جبکہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 24 نومبر سے بھو بنیشور میں شروع ہو گا۔