جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، مظاہروں میں بھی نہ قائدین کی شرکت ہوتی ہے نہ عوام کی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نواز شریف، شہبازشریف ،مریم نواز اور بلاول بھٹو کی طرف سے پتہ نہیں کیوں خاموشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نواز شریف، شہباز شریف،مریم نواز اور بلاول بھٹو نے سلیکٹڈ کہا، اپوزیشن کو حکومت کے خلاف عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما نے مزید کہاکہ عوام نے حکومت کا نہیں اپوزیشن کا گریبان بھی پکڑنا ہے، عوام پوچھیں گے مہنگائی تھی حکومت تو نااہل تھی آپ نے کیا کیا؟
اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی قومی سلامتی کے اہم اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نہیں آئے، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ نے اپنے امور پر بریفنگ نہیں دی۔