• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں آئی ایم ایف کے ہاتھوں حکومت کے ’’سجدہ ریز‘‘ ہونے کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ نے جو بلند بانگ دعوے کئے تھے وہ تمام ’’ریت کی دیوار‘‘ ثابت ہوئے ہیں۔ وزارت خزانہ کو سنبھالنے سے لے کر اب تک انہوں نے اتنی ’’قلابازیاں‘‘ کھائی ہیں کہ ان کو لانے والے بھی حیران دکھائی دے رہے ہیں۔ 

گورنر سٹیٹ بنک تو آغاز سے ہی واشگاف طور پر آئی ایم ایف کی نہ صرف نمائندگی کر رہے ہیں بلکہ ان کی زبان میں گفتگو کرتے ہیں۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ ان کو بیشتر معاملات میں ’’بالادستی‘‘ حاصل ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد ’’امریکہ یاترا‘‘ کے دوران آئی ایم ایف کی تمام شرائط مان کر آیا تھا؟

پی ڈی ایم کی آئندہ حکمت عملی؟

وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور عوامی حلقوں میں پی ڈی ایم کی تازہ ترین حکمت عملی اور سیاسی منصو بہ بندی کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے اپوزیشن کی ’’ناراض پارٹیوں‘‘ سے ’’بیک ڈور رابطوں‘‘ کا آغاز کردیا ہے۔ 

واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور ان کے فرزند ارجمند پی ڈی ایم کی قیادت کی مشاورت سے اس معاملہ میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ میاں حمزہ شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے حال ہی میں رہا ہونے والے رہنما خورشید شاہ کے درمیان رابطے کوبھی اسی سلسلہ کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے پی ڈی ایم کے حالیہ سربراہی اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی کا لائحہ عمل مرتب کردیا گیا ہے؟

لینڈ مافیا کا طاقتور گروہ؟

صوبائی دارالحکومت کے سرکاری حلقوں میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کے ذریعے پلاٹ خریدنے والے بیرون ملک میں مقیم دوست کی بھاری رقم کے ’’خردبرد‘‘ ہونے کے بارے میں کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یارلوگوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ پولیس افسر اپنے دوست کے بھاری مالی نقصان کے بارے میں فکر مندی کا اظہار کر رہا ہے۔ 

واقفان حال کا کہنا ہے کہ پولیس افسر نے بیرون ملک میں مقیم اپنے مالدار دوست کو اس بات پر راضی کیا کہ سرمایہ کاری کی غرض سے دو قیمتی پلاٹ خرید کر رکھ لئے جائیں۔ مذکورہ دوست نے دونوں پلاٹوں کی مخصوص رقم اپنے دوست پولیس افسر کو بھجوا دی۔ یہ پتہ چلا ہے کہ اب بیرون ملک مقیم دوست کا پلاٹ ’’متنازعہ‘‘ ہوگیا ہے۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا کا ایک طاقتور گروہ اس معاملہ میں اپنی صفائی دکھا رہا ہے؟

تازہ ترین
تازہ ترین