بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشیں جاری ہیں، بھارتی محکمۂ موسمیات نے تامل ناڈو کے شہر چنئی سمیت 8 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
تامل ناڈو ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 6 اضلاع میں آج فلڈ وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ تمام ریاست میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر آج عام تعطیل ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی خلیجِ بنگال پر بنا ڈپریشن آج شام تک تامل ناڈو اور آندھرا پردیش کو کراس کر لے گا۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ ڈپریشن کے زیرِ اثر تامل ناڈو اور آندھرا پردیش میں آئندہ 3 سے 4 دن تک بارشیں ہوں گی۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ تامل ناڈو کے کچھ مقامات پر آج شدید سے شدید ترین بارشوں کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے سبب چنئی کے 8 سب ویز آج بند ہیں۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ تامل ناڈو میں رواں مون سون سیزن میں معمول سے 52 فیصد زیادہ بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔