کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمدشاہ نے کہاہے کہ اسلام کے فروغ اور ترویج واشاعت میں مدارس اہلسنّت کا کرداراہم اور ناقابل فراموش ہے،اسلام کے نام پر دہشتگردی نے پاکستان کو پوری دنیامیں بدنام کیا،مسلمانوں کے گلے کاٹناکوئی اسلام نہیں ہے، لعل شہبازقلندر اور شاہ عبداللطیف بھٹائی کی سرزمین امن وآشتی کا گہواراہے،اسلام کے حقیقی چہرے کو دنیاکے سامنے پیش کرنے والوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ،یہ باتیں انہوں نے دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ (ٹرسٹ) ملیرکراچی میں مفتی محمدجان نعیمی سے ملاقات کے موقع پر کہیں،اس موقع پر مفتی نذیر احمدجان نعیمی، سید ضیاء اللہ شاہ جیلانی آف کارونڈی شریف ودیگر بھی موجودتھے ،جبکہ نامزد چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق ناظم گڈاپ ٹائون غلام مرتضیٰ بلوچ، چیئرمین زکٰوۃ وعشرکمیٹی ضلع ملیر نعمان عبداللہ مرادودیگر ان کے ہمراہ تھے، خورشید احمدشاہ نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں،جمہوری سسٹم کو رول بیک کرنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے اور کسی صورت جمہوریت کو ڈی اسٹیبلائزڈ نہیں ہونے دیں گے، پانامہ لیکس کے معاملے پر پارٹی میں کوئی دورائے نہیں ،جس نے کرپشن سے مال بنایااس کا احتساب ہوناچاہیئے۔