• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دن کی حکومت ملے تو نظامِ انصاف قائم کر دونگا: سراج الحق

جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ایک دن کی حکومت ملے تو ملک میں ایک نظامِ انصاف قائم کر دوں گا۔

ملتان میں ڈسٹرکٹ بارسے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوری جماعت، جماعتِ اسلامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بار کے ساتھ جماعتِ اسلامی کا ایک قریبی تعلق ہے، میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں بار اور مضبوط ہو جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ پرویز مشرف نے بھی احتساب کی بات کی تھی، غربت اور دولت کی بنیاد پر ہم نے معاشرہ تقسیم کر دیا، لاکھوں کی تعداد میں ہمارے نوجوان نشے کے عادی ہو گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا، 47 ہزار ارب روپے اس وقت ہم پر قرض ہیں، آپ جو بھی ٹیکس دیتے ہیں وہ سود یا تنخواہوں کے لیے ہوتا ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ سودی نظام اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی پاناما اور پنڈورا لیکس پر کمیشن بنانا چاہیئے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کام گزشتہ حکومتوں نے کیا، یہ حکومت بھی وہی کر رہی ہے، میں نے پی ڈی ایم کا ساتھ نہیں دیا، اس وقت بھی اسلام آباد میں کھیل جاری ہے۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم، ان سب کا ایک کلچر ہے، یہ سب آئی ایم ایف کے غلام ہیں، یہ سیاسی اور معاشی دہشت گرد ہیں۔

تازہ ترین