قصور (اے پی پی)قصورکے نواح راجہ جنگ کے قریب ناکہ پر کار نہ روکنے پر پولیس کی فائرنگ، 1 کار سوار جاں بحق جبکہ دوافراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے گاڑی کے ناکہ پر نہ روکنے کی وجہ سے فائرنگ کی،ڈی پی او قصور کے مطابق اے ایس آئی سمیت 4اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نواحی گاؤں متاکے رہائشی عبدالجبار اور اصغر وغیرہ گاڑی پر جارہے تھے ، راجہ جنگ کے قریب پولیس نے کار روکنے کا اشارہ کیا ، نہ روکنے پرپولیس نے فائرنگ کر دی، پولیس کی فائرنگ سے اصغر موقع پرجاں بحق جبکہ عبدالجبار اور رمضان شدیدزخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوکی ٹیمیں موقع پر پہنچیں،نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال قصورجبکہ زخمیوں کولاہورہسپتال منتقل کردیاگیا۔ڈی پی اوقصور صہیب اشرف نے میڈیاکوبتایا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس ملازمین اے ایس آئی وسیم، کانسٹیبلز شاہد، سجاد اور ایوب کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ کسی سے زیادتی برداشت نہیں کرونگاخواہ وہ پولیس اہلکار ہویا کوئی اور، میرٹ پر کام کرنے کا عادی ہوں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگزنہیں دی جائے گی۔