• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: کورونا کے 47 نئے کیسز رپورٹ، کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی، وزیراعلیٰ

سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال میں مزید بہتری آرہی ہے، جہاں 47 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس وبا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

کورونا وائرس کی صورتحال پر اپنے یومیہ بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2475 نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 47 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر کوویڈ-19 کے 6576808 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صوبے میں اب تک 4 لاکھ 72 ہزار 159 کیسز ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج عالمی وبا کے مزید 77 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے ساتھ ہی صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 452099 ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اللّٰہ رب العزت کا شکر ادا کیا اور کہا کہ آج سندھ میں کوویڈ-19 سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ صوبے میں اس وبا سے اب تک 7603 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں بتایا کہ صوبے میں اس وقت 12457 کورونا کے مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 12 ہزار 230 مریض گھروں اور 23 مریض آئسولیشن سینٹرز پر زیرِ علاج ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مختلف اسپتالوں میں 204 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 200 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ 12 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے 47 کورونا کیسز میں سے 38 نئے کیسز کا تعلق شہر کراچی سے ہے، جن میں سے ضلع شرقی سے 17، جنوبی سے 12، وسطی سے 6، غربی سے 2 اور ضلع ملیر میں ایک کیس ظاہر ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں سے خیرپور میں 2، حیدرآباد، میرپور خاص، جام شورو، نوشہرو فیروز، ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی اور کشمور میں ایک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

تازہ ترین