• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

من گھڑت کہانی کے ذریعے رانا شمیم کو استعمال کیا گیا،فرخ حبیب


وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ من گھڑت کہانی کے ذریعے رانا شمیم کو استعمال کیا گیا، ن لیگ کی تاریخ کا سب کو پتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کے خلاف سازش کی گئی ہے، دو دن بعد مریم نواز کے معاملے کی سماعت ہونے والی ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ والے 10 سے زائد التواء لے چکے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اداروں پرحملہ کرنے کی ن لیگ کی تاریخ ہے، موجودہ کیس میں یہ لوگ رانا شمیم کو لے آئے ہیں، اس بار بھی ایک جج کا نام لے کر الزام لگایا گیا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

دوسری جانب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنا موقف دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں اس بات سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے ماتحت ججوں کو کسی بھی عدالتی فیصلے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں دیے چاہے وہ آرڈر نواز شریف، شہباز، مریم کیخلاف ہو یا کسی اور کیخلاف۔

تازہ ترین