وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی شرح ترقی کا ہدف 5 فیصد ہے، 3 کروڑ افراد کو بلاسود قرض دیئے جائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ عطیات غربت میں کمی لانے کے لیے کردار ادا کرتے ہیں،47 فیصد کارپوریٹ ادارے ابھی تک فنڈز عطیہ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو فنڈز کی قلت کا سامنا ہے، جاری اخراجات ٹیکس ٹو جی ڈی پی سے بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ سعودی رقم اور ادھارتیل کی سہولت رواں ہفتے ہی شروع ہوجائے گی، معیشت اس سال 5 فیصد سے زیادہ شرح سے ترقی کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس سال احساس پروگرام کا بجٹ 260 ارب روپے ہے، راشن پروگرام شامل کرکے احساس پروگرام کا بجٹ ساڑھے 300 ارب تک پہنچ جائے گا۔
شوکت ترین نے یہ بھی کہا کہ آئندہ 4 سال میں کامیاب جوان پروگرام پر 1400 ارب روپے خرچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ افراد کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، زراعت، کاروبار، گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دیں گے۔