سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ اُن کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کا اس کھیل میں وہ مقام نہیں رہا جو ماضی میں تھا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں علامہ اقبال انٹر ڈویژنل اسکواش چیمپئن شپ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔
جان شیر خان نے کہا کہ نچلی سطح پر اسکواش ایونٹس کرانے سے ہی نیا ٹیلنٹ اور چیمپئنز سامنے آئیں گے۔
پنجاب اسکواش کمپلیکس میں 2 روزہ انٹر ڈویژنل اسکواش چیمپئن شپ کھیلی گئی، انڈر 11 میں سہیل عدنان، انڈر 13 میں فصیح الرحمان، انڈر 15 میں عبداللّٰہ بٹ اور انڈر 17 میں اذلان خاور نے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی جان شیر خان نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بہت ٹیلنٹ ہے، لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کا اسکواش میں ماضی جیسا مقام نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو شہروں میں نہیں ملک بھر میں ایونٹس کرانا ہوں گے، پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کا ڈویژن کی سطح پر ایونٹ کرانا قابل ستائش ہے۔