اسلام آباد ہائی کورٹ نے بچوں کو غیرقانونی تحویل میں رکھنے پر والد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے عامرہ شہریار کے بچوں کی بازیابی کی درخواست پر والد کے خلاف بچوں کے اغوا کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ایس ایس کی نگرانی میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔
عدالتی حکم میں بچوں سمیت بیرون ملک فرار ہونے والے شہریار خان کا نادرا کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا بھی کہا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں بچوں کو غیر قانونی تحویل اور پٹیشنر ماں کو دھمکیاں دینے والے کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم بھی دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں ملزم کے اندرون اور بیرون ملک بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کی ہدایت بھی دی۔
عدالتی حکم میں ڈی جی پاسپورٹ کو ملزم کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا بھی کہا گیا۔
عدالت نے چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ڈی جی ایف آئی اے سے 29 نومبر تک عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔
والدہ نے کم سن بیٹی اور بیٹے کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔