• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میشا شفیع کا بیان ویڈیو لنک سے ‏ریکارڈ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کی سیشن عدالت نے علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کیس میں میشا شفیع کا بیان ویڈیو لنک سے ‏ریکارڈ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے کیس کی سماعت کی تو میشا شفیع کے وکیل نے کہا کہ وہ اس وقت بیرون ‏ملک ہیں اس لیے ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا جائے۔علی ظفر کے وکیل نے اعتراض کیا کہ کینیڈا اور پاکستان میں بارہ گھنٹوں کا فرق ہے لہذا ویڈیو لنک سے بیان ریکارڈ ‏نہیں ہو سکتا۔میشا شفیع کے وکیل نے کہا کہ اعلی عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے ‏ذریعے بیانات ریکارڈ ہو سکتے ہیں۔علی ظفر کے وکیل نے کہا کہ میشا الزامات لگا کر خود باہر جا کر چین سے رہ رہی ہیں ۔وہ ریکارڈنگ کے لیے ‏پاکستان آ سکتی ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں ان کی والدہ اس عمر میں آ سکتی ہیں تو وہ کیوں نہیں ‏اگر میشا چاہیں تو انھیں اور ان کے خاوند کو آنے جانے کے تمام اخراجات دینے کو تیار ہیں۔میشا شفیع کے وکیل نے کہا کہ دونوں وکیل وہاں جا کر جرح کر لیں اور عدالت ویڈیو لنک پر کارروائی میں ‏حصہ لے ۔عدالت نے قرار دیا کہ دونوں ملکوں کے اوقات میں اتنا فرق ہے اسے کیسے دور کریں گے اگر نمائندہ ‏وہاں جا سکتا ہے تو وہ کیوں نہیں آ سکتیں۔عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر میشا شفیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا عدالت نے 19نومبر کو ‏وکلا کو صبا حمید کے بیان پر جرح کےلیےطلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

تازہ ترین