بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ وننگ کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کی کپتانی اور روی شاستری کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، میں انہیں 100 میں سے 90 فیصد نمبر دوں گا ور آئی سی سی ٹرافی نہ جیتنے پر 10 فیصد نمبر کاٹ دوں گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ویرات کوہلی اور روی شاستری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں دونوں نے ایک زبردست کام کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ وہ بھارت کو کوئی بڑی ٹرافی نہیں جتوا سکے لیکن اگر ہم گزشتہ پانچ سالوں پر نظر ڈالیں تو جب سے کوہلی نے اقتدار سنبھالا ہے ٹیم میں کسی چیز کی کمی نہیں رہی۔‘
کپل دیو نے کہا کہ ’بھارتی ٹیم نے صرف آئی سی سی ٹرافی نہیں جیتی بلکہ اس کے علاوہ بھارت نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کامیابی حاصل کی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ویرات کوہلی کی کپتانی اور روی شاستری کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے جہاں بھی سفر کیا، دوسری ٹیم کو شکست دی ہے۔‘
سابق بھارتی کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ورلڈ کپ ناک آؤٹ تک پہنچنا بھی بہت بڑی بات ہے لیکن افسوس بھارت اس میں ناکام رہا، وہ ٹاپ فور میں پہنچ جاتا اور پھر ہار جاتا تو یہ سمجھ میں آتا ہے لیکن اگر آپ ٹاپ فور میں نہیں پہنچتے ہیں، تو آپ پر لازمی تنقید ہوگی۔‘
کپل دیو نے مزید کہا کہ ’ویرات کوہلی اور روی شاستری نے جس طرح گزشتہ پانچ سالوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت اور کوچنگ کی ہے تو میں انہیں 100 میں سے 90 فیصد نمبر دوں گا اور آئی سی سی ٹرافی نہ جیتنے پر 10 فیصد نمبر کاٹ دوں گا۔‘