• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کی بچی کچھی ساکھ آج تباہ ہوگئی: شیری رحمان


نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ کی بچی کچھی ساکھ آج تباہ ہوگئی جب ٹریژری نے نماز کے وقت ضمنی ایجنڈا پیش کیا.

سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی اجلاس کے بعد سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بغیر بل پیش کیے حکومتی اراکین کو نیب بل بلڈوز کرنے کے لیے بلایا گیا, آج کے بعد سینیٹ بھی نہیں چلے گی، آج ایک اور یومِ سیاہ کا اضافہ ہوا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کی مصنوعی اکثریت کو ہم مسترد کرتے ہیں، واضح طور پر اپوزیشن کو بتایا گیا تھا کہ بل کمیٹیوں میں جائیں گے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پارلیمانی روایت ہے بل کمیٹیوں میں بھیجے جاتے ہیں، آج حکومت نے سپلیمنٹری ایجنڈا لا کر ووٹنگ کرائی۔

اُنہوں نے کہا کہ سپلیمنٹری ایجنڈا ملی بھگت اور سوچا سمجھا منصوبہ تھا، انہوں نے سینیٹ کو قومی اسمبلی کی طرح بنانا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ آج کے بعد ہم بھی دیکھتے ہیں یہ ہاؤس کیسے چلتا ہے، اس طرح ہاؤس نہیں چلے گا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ‏حکومت صوبوں کو بولنے اور سانس لینے کی اجازت دینے کو تیار نہیں، نہ ہی پاکستان کی خود مختاری متعلق ہمیں سوالات پوچھنے کا حق دے رہی پھر چاہے وہ آئی ایم ایف کے بارے میں ہوں یا معافی کے معاہدوں کے بارے میں۔

شیری رحمان نے کہا کہ یہ مردم شماری،پانی یا صوبوں کے وسائل پر ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہیں، قائد حزب اختلاف کے دفترسے کہا گیا تھا کہ تمام بل متعلقہ کمیٹیوں کوجائیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بلز بلڈوز کیے گئے،کمیٹیز میں نہیں بھیجے گئے، ایسا ہی ایچ ای سی سے متعلق بل کے ساتھ کیا گیا،سینیٹر شیری رحمان

تازہ ترین