• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوت سنگھ سدھو نے دورۂ کرتار پور کی ویڈیو شیئر کردی

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رہنما اور نامور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے دورۂ کرتارپور کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

نوجوت سنگھ سدھو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر اپنی یہ نئی ویڈیو شیئر کی۔

یہ ویڈیو مختلف کلپس کو جوڑ کر بنائی گئی ہے جس میں نوجوت سنگھ سدھو کے دورۂ کرتارپور کے سارے مناظر دِکھائے گئے ہیں۔

ویڈیو میں نوجوت سنگھ سدھو کے گردوارا دربار صاحب پر حاضری دینے کے  اور اُن کے پاکستانی حکام سے بات چیت کرنے کے مناظر موجود ہیں۔

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نے لکھا کہ ’گردوارہ کرتارپور صاحب جی کا دورہ، عالمگیر بھائی چارے، امن اور لامحدود امکانات کی راہداری۔‘

3 منٹ 59 سیکنڈز کی اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں لائکس مل چکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور راہداری سے پاکستان میں گردوارا دربار صاحب پہنچے تھے جہاں سرحد پر ان کا استقبال کیا گیا تھا۔

اس دوران پاکستانی حکام کی جانب سے انہیں گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا تھا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے تھے۔

اس حوالے سے زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سدھو پاکستانی حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے توسط سے اس شاندار استقبال پر بات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کو بڑا بھائی کہہ رہے ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو کے اس بیان کی وجہ سے بھارت میں اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

تازہ ترین