اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مبینہ آڈیو کلپ سامنے آنے پر نواز شریف اور مریم نواز کی سزائیں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دونوں کو سزائیں سازش کے تحت دی گئیں، اب انصاف کیلئے کس کے پاس جائوں،کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ آواز سابق چیف جسٹس کی نہیں، اگرہم نےحلف نامہ یا آڈیوبنائی ہے توبالکل سزا دیں، اگرحلف نامے میں کی گئی بات درست ہے تو ثاقب نثارکوسزا دیں، اگرغلط ہے تو رانا شمیم کوسزا دیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو میں ملک کا اس وقت کا چیف جسٹس کہہ رہا کہ انہیں حکم ہے کہ نواز شریف،مریم نواز کوسزا دینی ہے، سابق چیف جسٹس نےحکم کس کو دیا کچھ معلوم نہیں، آپ فرانزک کروائیں لیکن ہمیں انصاف چاہیے۔