وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میڈیا میڈیا اور وڈیو وڈیو کھیل رہی ہے، پی ڈی ایم 3 اجلاس کرچکی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
شیخ رشید نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کی ٹرین اپوزیشن سے چھوٹ چکی ہے، پی ڈی ایم بنا کسی نتیجے کے 3 اجلاس کرچکی ہے، تحریک چلانے کا بہترین وقت وہی تھا جب فضل الرحمٰن پہلی مرتبہ اسلام آباد آئے تھے، اگر اکیلے بھی پشاور میں جلسہ کروں تو پی ڈی ایم سے بڑا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پونے دوسال رہ گئے ہیں، اگر الیکشن لڑا تو امید ہے اللّٰہ عزت دے گا، ملک میں اس وقت 12 کروڑ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، مارچ اپریل میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
اُن کا مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چینی کی قیمت کم ہوگئی ہے، چینی اور چاول کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج آن لائن ویزے میں پانچ مختلف کیٹیگریز کا اضافہ کیا ہے، جب سال پورا ہوگا تو ای پاسپورٹ کا اعلان کریں گے، اگر پاسپورٹ میں نام بدلنا ہے تو آن لائن کیا جاسکے گا۔
خواتین کے ووٹ رجسٹرکرنے کے مسئلے کیلئے خواتین کا عملہ تعینات کیا جائے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر کمیٹی بنادی ہے جو الیکشن کمیشن سے ملےگی، تحریک انصاف کو سمندر پار پاکستانیوں سے سپورٹ ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتیں تحریک انصاف کیلئے چیلنج چھوڑ کرگئی ہیں، عمران خان اپنی حکومت کے 5 سال پورے کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بھارت بھول جائے کہ سرحدوں کو چھیڑا جاسکتا ہے، ایسے دانت کھٹے کریں گے کہ پچھلے بدلے بھی سارے اتار دیں گے۔