• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلین سے شادی کا فیصلہ سلیم خان کی فیملی میں بھونچال لے آیا تھا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے والد اداکار، ڈائریکٹر اور ایک جادوئی رائٹر سلیم خان نے گزشتہ روزاپنا 86واں یوم پیدائش منا یا۔ سلیم خان ایک ایسے رائٹر ہیں، جنہوں نے نہ صرف ہندوستانی سنیما کا چہرہ بدل کر رکھ دیا، امیتابھ بچن کو ’اینگری ینگ مین‘ بنانے کا سہرا بھی سلیم خان کو ہی جاتا ہے۔ لیکن خود سلیم خان کی پرسنل لائف بھی کسی فلم سے کم نہیں ہے۔سلیم خان کا ایک فیصلہ ان کی پوری فیملی میں بھونچال لے آیا تھا۔ ان کا یہ فیصلہ تھا ہیلین سے شادی کا۔ سلیم خان کے اس فیصلے سے ان کی پوری فیملی ناراض تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیم خان کے بچے ہیلین کے ساتھ ان کے رشتے کے لئے تیار نہیں تھے۔ سلیم خان نے 1964 میں پہلی شادی سلمیٰ خان سے کی تھی، جن کا اصلی نام سشیلا ہے۔ ہیلین سے شادی کے فیصلے سے متعلق سلیم خان اور فیملی میں خوب اختلافات سامنے آئے۔ سلمیٰ خان سمیت ان کے بچے سلمان خان، ارباز خان، سہیل اور الویرا اس شادی کے خلاف تھے۔ ایک انٹرویو میں سلمیٰ خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اس شادی سے مایوس اور ڈپریسڈ ہیں۔ ان کے بچے تو ہیلین سے بات بھی نہیں کرتے تھے، لیکن بعد میں سلمیٰ خان اور ان کے بچوں کو محسوس ہوا کہ ہیلین اتنی بری نہیں ہیں، جتنا وہ سوچتے ہیں۔ بلکہ وہ تو بہت اچھی ہیں۔ہیلین فیملی میں سبھی کا خیال رکھتی تھیں، جس کے بعد دھیرے دھیرے پوری فیملی متحد ہوگئی۔ برما کی رہنے والے ہیلین رچرڈسن غربت کے باعث فلموں میں بیک گراونڈ ڈانسر بنیں۔ دھیرے دھیرے ہیلین فلموں میں چھا گئیں۔سلیم خان نے اپنے ایک کالم میں لکھا تھاکہ ’سلمان، سہیل، ارباز اور الویرا کو لگا کہ انہیں ہیلین کی صورت میںایک اور ماں مل گئی ہے۔ وہیں، ہیلین کو لگا کہ انہیں ایک ریڈیمیڈ فیملی مل گئی ہے۔ اس لئے ہم نے شادی کے بعد بچے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔ ساتھ ہی جس عمر میں ہم ملے تھے، اس میں بچوں کے بارے میں سوچنا بھی نہیں تھا‘۔

تازہ ترین