• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد ملتان آمد

After Recovery Ali Haider Gilani In Multan
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے سید علی حیدر گیلانی بازیابی کے بعد آج پہلی بار اپنے آبائی گھر ملتان پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

علی حیدر گیلانی کی ملتان آمد کی اطلاع جنگل کی طرح پھیل گئی،شہر کو خیر مقدمی بینروں سے سجادیا گیا،کارکنوں کی بڑی تعداد گیلانی ہاؤس پر جمع ہوگئی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا۔

علی حیدر اپنے والد یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ خصوصی پرواز سے ملتان پہنچے تو ایئرپورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جگہ جگہ کارکنوں نے استقبال کیا، ایئرپورٹ سے گیلانی ہاؤس کا ڈیڑھ کلومیٹر کا سفر دو گھنٹے میں طے ہوا۔

کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور علی حیدر گیلانی کو خوش آمدید کہا،اس موقع پر حیدر گیلانی نے امریکا، افغان فورسز اور پاکستانی انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں، میرے والد کا نام یوسف رضا گیلانی اور میرا نام علی حیدر گیلانی ہے،ہم نے ڈرنا نہیں سیکھا۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جس وقت علی حیدر کو اغواء کیا گیا وہ گھر میں موجود تھے، کچھ لوگ کہتے تھے کہ علی حیدر کی بازیابی کیلئے 75 کروڑ تاوان ادا کیا گیا، وہ لوگ یہ بتائیں کہ علی حیدر ملتان سے اغواء ہوا، افغانستان پہنچا، امریکا نے ملٹری آپریشن کیا تو پھر تاوان کیسے ادا کیا گیا۔
تازہ ترین