• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبز آنکھوں سے دنیا کو متوجہ کرنے والی افغان لڑکی شربت گل کو اٹلی میں پناہ مل گئی

کراچی (نیوز ڈیسک) 1985ء میں اپنی سحر انگیز سبز آنکھوں کے ذریعے نیشنل جیوگرافک کے میگزین کور سے شہرت حاصل کرنے والی پرکشش افغان لڑکی شربت گل طالبان کے خوف سے فرار ہو کر اٹلی میں پناہ حاصل کر لی ہے۔

 غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شربت گل کی تصویر اُس وقت نیشنل جیو گرافک سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر اسٹیو میک کری نے پاکستان میں افغان پناہ گزین کیمپ میں کھینچی تھی اور اُس وقت شربت گل کی عمر 12؍ سال تھی۔

 کئی برسوں بعد 2016ء میں شربت گل کو پاکستان میں جعلی شناختی دستاویزات رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔ شربت گل کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے اور اس کے چار بچے ہیں۔

 افغانستان میں طالبان کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد اب اطالوی حکومت نے شربت گل کو پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ 

وزیراعظم آفس کے عہدیدار ماریو دراگی نے بتایا کہ اطالوی حکومت نے افغانستان سے شربت گل کے انخلاء کے اقدامات کیے۔ 

شربت گل نے مدد کی درخواست کی تھی جس پر حکومت نے انسانیت کے ناطے اقدام کیا۔ 

یاد رہے کہ 1985ء میں تصویر کھنچنے کے کئی سال بعد، شربت گل کو تلاش کرنے کیلئے ایف بی آئی کے اینالسٹ کی مدد حاصل کی گئی تھی۔ 

اینالسٹ نے فارنسک تجزیے کے بعد اور کئی خواتین کی جانب سے شربت گل ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد اصل شربت گل کو تلاش کر لیا۔

تازہ ترین