• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر کو حق دو تحریک، مکران کے تینوں اضلاع میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

گوادر (نامہ نگار) گوادر کو حق دو تحریک کا وائی چوک پورٹ روڈ پر دھرنا گیارہویں روز بھی جاری رہا جبکہ گوادر کو حق دو تحریک کے مطالبات کے حق میں مکران کے تینوں اضلاع میں مکمل طورپر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا ہےکہ کاغذ کے چند ٹکڑوں پر ہمیں اعتبار نہیں ہم عملی اقدامات چاہتے ہیں، گوادر شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری مراکز کے علاوہ مالیاتی ادارے مکمل طورپر بند رہے۔ گوادر شہر کے علاوہ پشکان اور سربندن میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تاہم گوادر کو حق دو تحریک کے احتجاجی دھرنے میں مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بلیدہ، زمران، اورماڑہ اور پسنی سے مختلف شعبہ سے وابستہ افراد نے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرکے گوادر کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمٰن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہماری تحریک اور یہ تاریخی دھرنا مقاصد کے حصول کے لئے جاری ہے گزشتہ روز صوبائی حکومت کی توسط سے ہمیں یہ باور کرایا گیا ہے کہ گوادر کو حق دو تحریک کے بنیادی مطالبات پورے کئے جائینگے اس حوالے سے مختلف نوٹیفکیشن بھی ہمارے حوالے کئے گئے ہیں لیکن ہم واضح طورپر یہ کہنا چاہتے ہیں کہ کاغذ کے چند ٹکڑوں پر ہمیں اعتبار نہیں ہم عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو مطالبات پر عمل درآمد کے لئے تین دن دیئے گئے ہیں دیکھتے ہیں کہ ہم سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس پر پیش رفت کو یقینی بنایا جاتا ہے یا روایتی تساہل پسندی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ اگر تساہل پسندی کی گئی تو یہ احتجاج اور رخ اختیار کرے گی۔ مولانا ہدایت الرحمٰن نے مکران بھر میں تحریک کے حق میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے پر انجمن تاجران کا شکریہ اداکیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا عبدالغنی زعفرانی نے کہا کہ ظلم اور زیادتیوں کے خلاف صدا بلند کرنا فرض ہے۔ گوادر سے شروع ہونے والی یہ تحریک بلوچستان کے محرومیوں کے شکار عوام کی دل کی آواز بن گئی ہے۔ دھرنے سے چاغی کے رہائشی سید افضل عباس، پسنی کے کہدہ عبدالرشید، تربت کے ملا عقیل احمد، زعمران کے محمد شریف، ذاکر عکیم، گہرام کریم مری، شکیل کے ڈی اور شریف میانداد نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین