پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان یاسر حسین نے کراچی چڑیا گھر میں سفید شیر کی ہلاکت پر مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو ’شیر تھا، آپ ہی بچا لیتیں‘ لکھ کر ٹیگ کردیا۔
یاسر حسین نے کراچی چڑیا گھر میں سفید شیر کی ہلاکت سے متعلق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کی۔
انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ ’کراچی چڑیا گھر میں شیر کی ہلاکت پر انتظامیہ کو شرم کرنی چاہیے۔‘
یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’یہ شیر تھا تو آپ ہی اُسے بچا لیتیں۔‘
واضح رہے کہ کراچی کے چڑیا گھر میں موجود نایاب نسل کا سفید شیر 20 دن بیمار رہنے کے بعد آخر کار مرگیا، چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر نمونیا کا شکار تھا اور نہایت کمزور ہونے کے باعث دوران علاج مر گیا۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق نایاب نسل کے اس سفید شیر کو افریقا سے 2012 میں درآمد کیا گیا تھا، شیر کو اُس وقت ایک کروڑ روپے کی خطیر رقم ادا کر کے لایا گیا تھا، شیر کی عمر 14 سے 15 سال تھی۔
دوسری جانب کراچی چڑیا گھر میں پیش آنے والے واقعے پر محکمہ بلدیات سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب افسر خالد ہاشمی کو معطل کردیا ہے۔
محکمہ بلدیات کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق مذکورہ افسر کی غفلت کے باعث چڑیا گھر میں سفید شیر ہلاک ہوگیا تھا۔