• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویکسین بنانے والی کمپنیاں ’اومی کرون‘ کیخلاف موثریت جانچنے کیلئے فعال

عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومی کرون‘ کے خلاف ویکسین بنانے والی کمپنیاں بھی موثریت جانچنے کیلئے فعال ہوگئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق موڈرنا نے ’اومی کرون‘ کے لیے بوسٹر ویکسین کی تیاری کا اعلان کردیا، بایو این ٹیک کا کہنا ہے کہ 100 روز کے اندر اپنی کورونا ویکسین کا تازہ ترین ورژن تیار کر کے اس کی شپمنٹ کرسکتے ہیں۔

فائزرکا کہنا ہے کہ اومی کرون ویریئنٹ کیخلاف انکی ویکسین کی موثریت کا دو ہفتوں میں پتہ چل جائے گا جبکہ جانسن اینڈ جانسن کا کہنا ہے کہ وہ اومی کرون ویریئنٹ کیخلاف اپنی ویکسین کی افادیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ایسٹرازینیکا نے بھی کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیخلاف کارکردگی دیکھنے کیلئے تحقیق شروع کردی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقا سے سامنے آنے والی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق خطرناک وائرس کےکیسز کی جنوبی افریقا، یورپ اور اسرائیل میں تصدیق ہوچکی ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنےکے لیے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین