• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے: وزیرِ اعظم عمران خان



وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے، کامیابی اور عزت صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات دیتی ہے۔

معروف امریکی اسلامی اسکالر شیخ حمزہ یوسف کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مذہب کے معاملے میں کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ آپ اپنی ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، میں نے سیاست شروع کی تو مافیا موجود تھی، اس وقت لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے تھے، طاقت ور لوگوں نے میری کردار کشی کی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مال اور دولت نہیں انسان کے اندر غیرت کا ہونا بہت ضروری ہے، میرے نزدیک امیر وہ ہے جو اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسائل مادیت پرستی کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں، جب دوسروں کے بارے میں سوچتے ہیں تو پھر آپ اللّٰہ تعالیٰ کے قریب ہو جاتے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو میرے پاس سب کچھ تھا، میں نے 22 سال مسلسل جدوجہد کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ بنانا میری زندگی کا مقصد ہے، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے سیاست میں آیا۔

وزیرِ اعظم نے انٹرویو میں مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستان کے لوگ باصلاحیت ہیں۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرٹ نہ ہو تو اشرافیہ وسائل پر قابض ہو جاتی ہے، ملک سے اشرافیہ اور مافیا کی اجارہ داری کو ختم کریں گے۔

تازہ ترین