گوادر (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے خوشحال ہونے تک پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ، بلوچستان سے زیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے ، بلوچستان میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ جمہوری ایک پاکستان کے دامن پر بد نما داغ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادرکو حق دو تحریک کے احتجاجی دھرنے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا ہدایت الرحمٰن کی قیادت میں گوادر کو حق دو تحریک کا احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد ڈی چوک پر گوادر اور بلوچستان کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ بلوچستان میں زیادتیوں کا سلسلہ فوری طورپر بند کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمٰن کی قیادت میں گوادر میں گزشتہ کئی دنوں سے گوادر کو حق دو تحریک کا احتجاجی دھرنا جاری ہے جو مطالبہ کررہے ہیں کہ ماہی گیروں کو تنگ نہ کریں۔ ان کو جھونپڑیوں سے محروم نہ کریں اور ان کو ان کی اپنی دھرتی پر عزت کے ساتھ رہنے کا حق دیا جائے لیکن گوادر سیکورٹی کے نام پر ہر فرلانگ کے فاصلہ پر سیکورٹی چیک پوسٹ قائم کرکے ان کو تنگ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں جب تک بلوچستان خوش نہیں ہوگا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ بلوچستان والوں کو حق دینے پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر کے عوام کی نمائندگی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مشتاق احمد خان اور اکبر چترالی کررہے ہیں اور سندھ کی نمائندگی عبدالرشید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوم عوام کی آواز ہے اور ان سے روا رکھی جانے والی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور بلوچستان کے عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔