• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈیوز ویڈیوز ایک ہی فاؤنڈری سے نکلتی ہیں، حسان خاور

لاہور(نمائندہ جنگ)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ یہ آڈیوز ویڈیوز ایک ہی فاؤنڈری سے نکلتی ہیں، تخلیق کار انہیں عدالت میں لے جانے سے گھبراتے ہیں کیونکہ ثابت نہیں کر سکتے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاسی مقاصد کیلئے آڈیو ویڈیو لیکس کا استعمال پرانی روایت ہے جو برسوں سے چلی آ رہی ہے۔ لیکن ان آڈیو ویڈیوز کے تخلیق کار انہیں کمرہ عدالت میں لے جانے سے گھبراتے ہیں کیونکہ وہ انہیں ثابت نہیں کر سکتے۔ وہ صرف اتنا چاہتے ہیں کہ ان ویڈیوز کی آڑ میں اتنی گرد اڑائیں کی ان کی کرپشن چھپ جائے لیکن کرپشن اتنی زیادہ ہے کہ چھپ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آڈیوز ویڈیوز ایک ہی فاؤنڈری سے نکلتی ہیں، ایک ہی کاریگر کے فن پارے ہیں۔ آپ چاہیں تو اسے "اتفاق" بھی کہہ سکتے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ یہ لوگ حصول اقتدار سے لے کر طول اقتدار تک کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر ملک کو سیاسی تھیٹر سمجھتے ہیں جو مفادات کے سکرپٹ پر اپنا اپنا کردار ادا کرتے ہیں، سیاسی تھیٹر کا سکرپٹ سمجھنا عوام کیلئے بہت ضروری ہے۔یہ لوگ جہاں مفادات کا ٹکراؤ دیکھتے ہیں، الگ ہو جاتے ہیں اور اداروں اور شخصیات پر حملہ آور ہو کر اپنے مفادات کیلئے انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے پولیو کی طرح ملک سے پولیو زدہ سیاست کا بھی خاتمہ کریں گے۔ حسان خاور نے مقامی ہوٹل میں مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات کیلئے منعقدہ میڈیا ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں ان کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔

تازہ ترین