• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی بجٹ لانے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منی بجٹ لانے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں کو قومی مفاد میں منی بجٹ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ایک اور منی بجٹ سے حکومت پھر جھوٹی ثابت ہوگئی،قوم کے مفادات کے تحفظ میں حکومت نے مجرمانہ کردار ادا کیا ہے،آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ لانے کی اطلاع پاکستان کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

صدر نون لیگ نے کہا کہ بار بارخبردار کرچکا ہوں کہ یہ حکومت پاکستان کی معاشی خود مختاری کے خلاف سازش ثابت ہوئی،منی بجٹ کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور جی ایس ٹی سے متعلق قانون سازی کی جارہی ہے،یہ پاکستان کو آئی ایم ایف کا معاشی غلام اور گورنر کو آئی ایم ایف کا وائسرائے بنادے گی۔

شہباز شریف نے کہاکہ آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کے نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں،پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور مستقبل میں حکومتی نظام مفلوج ہوجانے کے خدشات ہیں،منی بجٹ منظورہونے کا مطلب پاکستان اورعوام کے مستقبل پر غلامی کی مہر لگانا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن سے مل کر پاکستان اور عوام دشمن منی بجٹ اور قانون سازی کا مقابلہ کریں گے،حکومت کا راستہ روکیں گے،منی بجٹ مہنگائی سے بدحال قوم کیلئے موت کا پروانہ ہے،اس سے پیٹرول بجلی گیس مزید مہنگی ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کا زندگی گزارنا مزید ناممکن ہوگا، غربت ظلم کی حدیں عبور کرچکی ہے،ٹیکس میں اضافے سے کاروبار مزید ختم اور معیشت کا حجم سکڑ جائے گا، مہنگائی کی قیامت برپا ہوچکی ہے، ظالم حکومت سے نجات ہی قوم کیلئے راہ نجات ہے،قومی بجٹ عوام کے ساتھ سنگین دھوکا اور فریب تھا۔

تازہ ترین