• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدﷲ کا کارنامہ، ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹیز اور سنچری شراکت

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) عبدﷲ شفیق نے چٹاگانگ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بناتے ہوئے ٹیم کوسنچری اسٹینڈ دے کر جنوبی افریقا کے بروس مچل کا 92سالہ ریکارڈ برابر کردیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ڈیبیو کرنے والے سیالکوٹ کے22 سالہ اوپنر نے دونوں اننگز میں عابد علی کے ساتھ پہلی وکٹ پر سنچری شراکت قائم کی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں1929کے بعد یہ پہلا موقع ہے ۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے بروس مچل نےجون 1929 میں انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن برمنگھم میں اپنے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں88رنز بنائے اورباب کارٹرال کے ساتھ 119رنز کی شراکت قائم کی۔ دوسری اننگز میں بروس مچل نے61 ناٹ آئوٹ رنز بنائے اور باب کے ساتھ پہلی وکٹ پر171رنز کا اضافہ کیا۔ ٹیسٹ میچ ڈرا رہا۔ چٹاگانگ میں عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز میں52رنز بنائے اورپہلی وکٹ پرعابد علی کے ساتھ146رنز کی شراکت قائم کی۔ دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق53 رنز پر کھیل رہے ہیں انہوں نے عابد علی کے ہمراہ بغیر کسی نقصا ن کے109رنز بنالئے ہیں۔ دونوں پاکستان کی جانب سے دونوں اننگز میں سنچری شراکت قائم کرنے والی دوسری جوڑی بن گئے ہیں۔ پہلےیہ کارنامہ 2003 میں توفیق عمر اور عمران فرحت کی جوڑی نے جنوبی افریقاکے خلاف انجام دیا تھا۔ ان سے قبل چارپاکستانی بیٹرز ڈیبیو ٹیسٹ کی دو نوں اننگز میں پچاس یا زائد رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں ۔ یاسر حمید نے بنگلہ دیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں170اور 105، عمر اکمل نے نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں129اور 75 ، اظہر محمود نے جنوبی افریقا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں128 اور 50 رنز بنائے تھے وہ دونوں اننگز میں ناٹ آوٹ رہے تھے جبکہ فخر زمان نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظبی ٹیسٹ میں94 اور 66 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین