• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئس فروخت کرنیوالوں کیخلاف عمر قید یا پھانسی جیسے قوانین کی سفارش

اسلام آباد ( نامہ نگار)پی اے سی کی ذیلی کمیٹی نے انسداد منشیات ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ فیملی والی گاڑیوں کو اینٹی نارکوٹکس کی خاتون اہلکار چیک کریں، مرد اہلکار فیملیز والی گاڑیوں کو نہ چیک کریں۔کمیٹی نے مزید ہدایت کی کہ آئس فروخت کرنیوالوں کیخلاف عمر قید یا پھانسی جیسے قوانین بنائے جائیں،کنوینئر کمیٹی نے ڈی جی اے این ایف اور سیکرٹری پلاننگ خیبر پختونخوا کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا ۔کنوینئر کمیٹی نور عالم خان کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا ۔اجلاس میں کنوینئر کمیٹی نور عالم خان نے کہاکہ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس کہاں ہیں وہ اجلاس میں کیوں نہیں آئے،جس پر سیکرٹری نارکوٹکس سید کلیم امام نے کہاکہ وہ کسی میٹنگ میں تھے اس لیے نہیں آسکے،جس پر نور عالم خان نے کہاکہ قانون کااحترام ہونا چاہیے ڈی جی نارکوٹکس کو یہاں آنا چاہیے،آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔سیکرٹری پلاننگ خیبر پختونخوا کی غیر حاضری پرکنوینئر کمیٹی نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو لیٹر لکھنے کی ہدایت کر دی۔نور عالم خان نے کہاکہ جیسے ہم افسران کی عزت کرتے ہیں بیوروکریٹس کو بھی پارلیمنٹرین کی عزت کرنی پڑیگی،ساری گرانٹس آج سیٹل ہونی تھی مگر افسران کو احساس ہونا چاہیے،ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس گزشتہ میٹنگ میں بھی نہیں آئے تھے،میں کوئی ہیروئن کا بزنس نہیں کرتا کہ مجھے کوئی گاڑی میں ڈال لے، میں گھر سے نکلتا ہوں تو گاڑی وغیرہ چیک کرکے نکلتا ہوں،نور عالم خان نے کہاسرچ کرنا پولیس اور اینٹی نارکوٹکس کا حق ہے پر لیڈی کانسٹیبل ہر جگہ پر اینٹی نارکوٹکس کے ساتھ ہونی چاہیے۔

تازہ ترین