برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی/ طاہر انعام شیخ) اوورسیز کمیونٹی کو صرف ووٹ کا حق ہی نہیں بلکہ انہیں آزاد کشمیر اسمبلی کی طرح پاکستان کے وفاق سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں، ایوانوں میں نمائندگی دے کر ان کی اعلیٰ صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا۔ اوورسیز کمیونٹی نے اپنی محنت کے بل بوتے پر نہ صرف برطانیہ کے اعلیٰ ایوانوں اور پالیسی میکر اداروں میں اہم مقام حاصل کیا بلکہ کثیر زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو سہارا دیا اور وطن عزیز پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے بیروزگاری کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لارڈ میئر برمنگھم کونسلر چوہدری افضل کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ لارڈ میئر پارلر میں منعقدہ استقبالیہ میں شدید سردی اور برف باری کے باوجود ملک بھر کی چیدہ چیدہ سیاسی و سماجی شخصیات، گلاسگو سے راجہ حنیف کینٹ ممبر کونسلر وسیم ظفر، حاجی نجیب، چوہدری عجائب، عادل منظور، کونسلر ادریس، کونسلر ظفر اقبال، پاکستان سے آئے ہوئے سابق ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر راجہ ظفر معروف، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مزید کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے تقریباً دو برسوں بعد برطانیہ کا وزٹ کیا ہے، برطانیہ نے ہمیں عزتوں سے نوازا۔ اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ یہاں آکر اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری کمیونٹی کو برطانیہ میں محنت اور لگن سے یہاں اہم مقام حاصل کرنا ہوگا۔کمیونٹی یہاں کی مین اسٹریم جماعتوں کے اندر اپنا مقام پیدا کریں۔ حکومتی ایوانوں میں اعلیٰ مقام حاصل کریں، تاکہ اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔ آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر ہمیں قرضہ ملتا ہے اور اوورسیز کمیونٹی ہمیں ہر سال تیس ملین ڈالر زرمبادلہ بھیجتے ہیں جس سے ملک کی معیشت کو سہارا ملتا ہے۔ اسی لیے میں ہمیشہ اس حق میں رہا ہوں کہ انہیں صرف ووٹ کا حق ہی نہیں بلکہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی طرح ایوانوں میں براہ راست نمائندگی دی جائے تاکہ یہ درپیش مسائل خود حل کرسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے بیٹے کی اسکاٹش لیبر پارٹی کی قیادت کا موقع ملا، بے حد خوشی ہوئی۔ جتنا اچھے انداز میں میرا ویلکم ہوا مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ لارڈ میئر کونسلر چوہدری افضل سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔ آج لارڈ میئر کونسلر چوہدری افضل کی مہمان نوازی اور اعلیٰ اخلاقی ہمیں برمنگھم کھینچ لایا۔ شدید سردی اور برف باری کے باوجود اس قدر اعلیٰ اقدامات اور پاکستان کے تمام چینلز کی نمائندگی اعلیٰ شخصیات، کونسلرز، سول سوسائٹی، کاروباری حضرات کی شرکت میرے لیے باعث فخر ہے۔ لارڈ میئر کونسلر چوہدری افضل کا کہنا تھا کہ ہم گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو برمنگھم اور بالخصوص لارڈ میئر پارلر میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے پہلے برطانیہ میں اعلیٰ صلاحیتوں کی بنیاد پر یہاں کے ایوانوں میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کیا اور اب دوسری مرتبہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کا گورنربننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس موقع پر لارڈ میئر کونسلر چوہدری افضل کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بیٹے ایم پی انس سرور کو اسکاٹش لیبر پارٹی کی قیادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔