• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سیکریٹری سندھ بار کونسل قاتلانہ حملے میں جاں بحق



کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں بچی کو اسکول چھوڑنے جانے والے سیکریٹری سندھ بار کونسل کو کار پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

وکلاء رہنماؤں کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے، معروف وکیل رہنما نعیم قریشی اور دیگر وکلاء کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

نعیم قریشی ایڈووکیٹ کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کا رہائشی تھا جو آج صبح اپنی بچی کو کار میں اسکول چھوڑنے کے لئے گلستان جوہر بلاک 13 میں پہنچا تو واپسی پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں کار نمبر بی جے بی 824 پر حملہ کر کے نشانہ بنایا۔

نعیم قریشی کے مطابق عرفان مہر وکیل نہیں تھے بلکہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری کے عہدے پر کام کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان پر پے در پے کئی فائر کیے اور فرار ہوگئے۔

—ملزمان کی فائرنگ کرتے اور با آسانی فرار ہوتے ہوئے مناظر، جنگ
—ملزمان کی فائرنگ کرتے اور با آسانی فرار ہوتے ہوئے مناظر، جنگ

عینی شاہدین کے مطابق دونوں جواں سال ملزمان پینٹ پہنے ہوئے تھے، عرفان مہر کو فوری طور پر قریبی واقع نجی اسپتال دارالصحت منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے تک ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے اور واردات کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین