• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کا بھارت کے ہندو یاتریوں کو ویزوں کا اجرا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے بھارت کے ہندو یاتریوں کو شادانی دربار، سندھ کے لیے ویزوں کا اجرا کردیا گیا۔

ہائی کمیشن نے پاکستان میں مذہبی مقامات کے دورے کے لیے بھارت کے ہندو یاتریوں کو 136 ویزے جاری کیے۔

بھارت کے ہندو یاتریوں کا گروپ 4 سے 15 دسمبر 2021ء تک سندھ میں شادانی دربار حیات پتافی میں شیو اتاری ست گرو سنت شادارم صاحب کے 313ویں جنم دن کے موقع پر تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ شادانی دربار تین سو سال سے زائد پرانا مندر ہے جو دنیا بھر سے ہندوﺅں کے لیے مقدس مقام ہے۔

سنت شادارم صاحب 1708ء میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے، یہ مندر انہوں نے 1786ء میں تعمیر کیا تھا۔

مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے 1974ءکے پاک بھارت پروٹوکول کے تحت ہر سال ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے پاکستان آتے ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ویزے دیگر ممالک سے ان تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کو دیے گئے ویزوں کے علاوہ ہیں۔

ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزوں کا اجراء حکومت پاکستان کی مذہبی مقامات کے دوروں میں سہولت فراہم کرنے کی کوششوں کے عین مطابق اور پاکستان کی تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کاوشوں کا بھی عکاس ہے۔

تازہ ترین