کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان میں طالبان افواج اور ایرانی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں، جھڑپوں میں ہلاکتوں کی اطلاع ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ، ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کی سرحدی افواج اور افغان طالبان کے درمیان جھڑپیں غلط فہمی کی بنیاد پرہوئیں تاہم اب رک گئی ہیں، جھڑپیں ختم کرنے کے بعد ایران طالبان کے ساتھ سرحدی تنازع پر مذاکرات کررہا ہے ۔خبر رساں ادارے تسنیم نے مزید کہا کہ طالبان کی طرف سے ایرانی سرحدی کیمپ پر قبضے کی اطلاعات غلط ہیں۔ قبل ازیں میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبان افواج اور ایران کی سرحدی فوج کے درمیان افغانستان کے صوبے نمروز کے قریب ہونے والی جھڑپوں میں ایران کی جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا جبکہ طالبان نے جواب میں امریکی ہموی گاڑیوں کا استعمال کیا۔ایک میڈیا رپورٹ میں مقامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھاہے کہ ان تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں طالبان افواج نے دو چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق طالبان فورسز نے جن چوکیوں پر قبضہ کیا ہے ان میں ایک کا نام دوست محمد اور دوسری بالا سیاہ چشمان ہے۔