مردان(نمائندہ جنگ)خیبرپختون خوا کی مثالی پولیس نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے پولیو ٹیم کو مفت میں نہ لے جانے پ ا غریب رکشہ ڈرائیور کومار مار کر ادھ موا کردیا، پولیس والوں نے وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے اسلحہ کے بٹ مارمار کرشہری کی پسلیاں توڑ ڈالیں ،کان اورسر سے خون بہنے اور بے ہوش ہونے پر پولیس کے بہادر اہلکارڈرائیور کوسڑک پر ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ بعد میں مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا ، ڈی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تشدد میں ملوث اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔کینال روڈ کے رہائشی اسرار ولد محمد امین نامی شخص اپنا رکشہ لے کر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قریب کھڑا تھا اس دوران پولیو ٹیم کے ہمراہ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے ڈراپ کرنے کو کہا رکشہ ڈرائیور نے جوانوں سے پیسوں کا مطا لبہ کیا اہلکاروں نے کرایہ مانگنے پر رکشہ ڈرائیور پر تشدد شروع کر دیا اور سرکاری بندوقوں کے بٹ مار مار کر اس کی پسلیاں توڑ ڈالیں۔ حالت غیر ہونے پر موقع پر موجود مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو ایم ایم سی ہسپتال پہنچا یا ڈاکٹروں کے مطا بق تشدد سے رکشہ ڈرائیورکی پسلیاں ٹوٹ گئی ہیں اوراس کے کان اورسر سے خون رسنے لگاہے دریں اثنا ء واقعے کی اطلاع پرڈی پی او شہزاد فیصل نے ملوث اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے ڈی ایس پی ڈی ایس پی سٹی شمریز خان کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی مقررکردی ہے۔