• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظفر رحمٰن نے عائشہ عمر کو شادی کی پیشکش کر دی؟

پاکستان کی معروف اداکارہ، ماڈل، میزبان و گلوکارہ عائشہ عمر کو اداکار اظفر رحمٰن نے شادی کی پیشکش کر دی ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری میں گہری اور پرانی بہترین دوستی رکھنے کے سبب شہرت رکھنے والے اظفر رحمٰن اور عائشہ عمر کے مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا  ہیں۔

عائشہ عمر کی جانب سے سوشل میڈیا انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ایک نئی ویڈیو پر اس جوڑی کے مداح نہایت خوش اور پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔

عائشہ عمر اور اظفر رحمٰن کی اس نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ فنکار جوڑی ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوشگوار موڈ میں کالج کے دوران کی  گہری دوستی سے متعلق بات کر رہے ہیں۔


اس ویڈیو میں اظفر رحمٰن کی جانب سے عائشہ عمر کو شادی کی پیشکش کی جاتی ہے جس کا جواب دینے کے بجائے عائشہ عمر آنکھیں جھکا کر ہنسنے لگ جاتی ہیں۔

عائشہ عمر کی جانب سے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’اظفر اور وہ اسکرین پر 6 سال بعد دوبارہ اکٹھے ہوئے ہیں۔‘

عائشہ عمر کی اس ویڈیو کے کیپشن سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ویڈیو سنجیدہ پرپوزل نہیں بلکہ اس جوڑی کا آنے والا ایک پروجیکٹ ہے جس میں یہ دونوں پرانے دوست اسکرین پر 6 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ 34 سالہ اداکار اظفر رحمٰن شادی شدہ ہیں جبکہ عائشہ عمر کی عمر 40 سال ہے اور وہ اب تک کنواری ہیں۔

تازہ ترین