• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کانگریس میں شامل

بھارت کے متنازع پنجابی گلوکار سدھو موسی والا نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست پنجاب میں الیکشن سے قبل گلوکار سدھو موسی والا کانگریس میں شامل ہوئے ہیں اور گلوکار کا اپنے آبائی شہر مانسا سے الیکشن لڑنے کا امکان ہے۔

سدھو موسی والا کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاع سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔

نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گلوکار کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور اُنہیں کانگریس میں خوش آمدید کہا۔ 

دوسری جانب گلوکار سدھو موسی والا نے بتایا کہ ’ان کی کانگریس میں شمولیت کی وجہ پنجاب کی آواز بلند کرنا ہے۔‘

گلوکار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری پہلی پریس کانفرنس ہے، تین سال پہلے میں نے گانا شروع کیا تھا اور اب چار سال بعد ایک نیا قدم اٹھا رہا ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنے آبائی شہر کے حوالے سے کہا کہ ’مانسا اتنا ترقی یافتہ نہیں، اس شہر سے ہی میری پہچان بنی لہٰذا اب میں یہاں کے عوام کے لیے آواز اٹھاؤں گا۔‘

واضح رہے کہ سدھو موسی والا کو ایک متنازع گلوکار کہا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنی میوزک ویڈیوز میں ہتھیار کے استعمال کو فروغ دیتے ہیں۔

تازہ ترین