نیشنل والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل پہلی بار نیوی نے جیت لیا، فائنل میں 11 مرتبہ کی چیمپئن ٹیم واپڈا کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹ سے شکست ہوگئی، ایونٹ میں تیسری پوزیشن پاکستان ایئرفورس نے حاصل کی۔
لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں نیوی اور واپڈا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، پہلا سیٹ نیوی نے 18-25 کے اسکور سے جیتا لیکن دوسرے سیٹ میں دفاعی چیمپئن واپڈا نے کم بیک کیا اور 25-22 کے اسکور سے یہ سیٹ جیت کر میچ برابر کردیا مگر نیوی نے اگلے دونوں سیٹ، 20-25 اور 21-25 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں آرمی نے ایئرفورس کے خلاف اچھا آغاز کیا اور پہلے سیٹ میں 18-25 کے اسکور سے کامیابی حاصل کرلی لیکن پھر پاکستان ایئرفورس نے مسلسل 3 سیٹ 22-25، 23-25 اور 19-25 سے جیت کر تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔
نیشنل والی بال چیمپئن شپ کے میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے گئے۔