• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلزپارٹی ایک نظریہ ہےجس سے لوگ جڑے ہیں، شازیہ عطا مری، میڈرڈ میں تقریب

میڈرڈ(جواد چیمہ) انٹرنیشنل سیمینار میں شرکت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز شازیہ عطا مری، سینیٹر شیری رحمان اور غلام مصطفی شاہ کی میڈرڈ آمد،اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی اسپین چوہدری اشتیاق حسین ، سیکرٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی یورپ حافظ عبدالرزاق صادق نے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں مقامی پاکستانی ریسٹورنٹ پر ظہرانہ کا اہتمام کیا ۔ظہرانہ کی تقریب سے ممبر قومی اسمبلی شازیہ عطاء مری نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر پیپلز پارٹی کے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو کوئی حق دینا ہے تو ایسا دیا جائے جس میں وہ خود اپنے مسائل کا حل نکال سکیں ،چیئرمین بلاول زرداری بھٹو اوورسیز پاکستانیوں کو ایسا ہی حق دینا چاہتے ہیں ،پیپلز پارٹی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جس سے آپ لوگ جڑے ہوئے ہیں ،یہ ایک خاندان ہے اور خاندان کے لوگ دنیا میں کہیں بھی ہوں ایک ساتھ ہوتے ہیں۔ ملاقات میں دیر سویر ہو سکتی ہے لیکن رہتے ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں۔ہمارا نظریہ ہمارا رشتہ اتنا مضبوط ہے کہ ہم جب بھی ملیں ایسے لگتا ہے جیسے کل ہی ملے ہوں۔ دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی ہے لیکن جو مہنگائی کا سونامی پاکستان میں آیا ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی ،پاکستان کا سفید پوش شخص کس کرب اور تکلیف سے گزر رہا ہے اس کا اندازہ صرف وہی کرسکتا ہے۔وہ کسی کے آگے ہاتھ بھی نہیں پھیلا سکتا، حکومتی مراعات پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔آپ کے اپنے بھی جو پاکستان میں ہیں وہ بتاتے ہونگے کہ اب ایک سو یورو کا یہاں کچھ نہیں ملتا، اس سے آپ کو پاکستان میں ہونے والی مہنگائی کا بخوبی اندازہ ہو جاتا ہوگا۔ ملاقات کرنے والے وفد میں میاں جاوید، چوہدری بشارت ککرالی، چوہدری رفاقت چیمہ،چوہدری فیاض، چوہدری ثاقب، چوہدری بشیر، نذیر قمر، خالد آف کشمیر، آصف، چوہدری قیصر، چوہدری شہزاد سمیت دیگر دوست احباب نے خصوصی شرکت کی۔ ظہرانہ کی تقریب میں پہنچنے پر میزبانوں نے پاکستان سے آئے معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے اور خوش آمدید کیا۔

تازہ ترین