کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا کے سیکیورٹی ماہرین ملکی ٹیم کےدورہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان میں موجود ہیں، ماہرین 13،14دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے دو ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بھی دیکھیں گے۔ وہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا براہ راست جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ ٹیمیں جب ہوٹل سے اسٹیڈیم کے لئے روانہ ہوں گے اسے بھی وہ خود دیکھنا چاہتے ہیں۔ وفد نے منگل کو کراچی میں سیکیورٹی پر مختلف میٹنگ میں حصہ لیا اور بدھ کو وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کریں گے۔ لاہور میں پی سی بی چیئرمین رمیز راجا بھی آسٹریلوی وفد کی ملاقات شیڈول ہے۔ اسلام آباد میں وفدآسٹریلوی ہائی کمیشن بھی جائے گا۔ وزارت داخلہ میں وفد کو سیکیورٹی پلان پربریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو جنگ میں شائع ہونے والی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کا چار رکنی وفدکراچی کے بعد اسلام آباد اور لاہور میں کرکٹ، سیکورٹی، لاجسٹک اور کوویڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔دورے کے اختتام پر مہمان سیکورٹی وفد اپنی رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو پیش کرے گا ۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 1998 کے بعد پہلی بار آئندہ سال مارچ، اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔