• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منتظمین کو دھمکی آمیز کالز، منور فاروقی کامیڈی فیسٹیول سے خارج

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گڑگاؤں کامیڈی فیسٹیول کے منتظمین نے عوامی تحفظ کا حوالہ دیتے ہوئے اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کو اپنے فنکاروں کی فہرست سے خارج کردیا ہے۔ منتظمین نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران انہیں بار بار کالز اور آن لائن پیغامات موصول ہوئے جن میں 17تا 19 دسمبر کو ایریہ مال میں منعقدہ 3روزہ فیسٹیول میں فاروقی کی شرکت کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔دی انٹرٹینمنٹ فیکٹری کے شریک بانی مبین تیسکر اس تقریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا یا عوام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ہم نے منور فاروقی کوپینل سے ہٹا دیا ہے۔ اور ہم نے پوسٹر اور ٹکٹنگ پلیٹ فارم پر تبدیلیاں کیں۔ ہمارے لیے فنکاروں، سامعین اور عوام کی حفاظت ہی سب کچھ ہے‘‘۔تیسکر نے کہا کہ پوسٹر لگنے کے بعد انہیں آن لائن ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ٹویٹس کے بعد ہمیں بار بار ہر جگہ سے کالیں آئیں۔ میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا کہ کون لوگ فون کر رہے تھے اور شکایت کر رہے تھے‘‘۔ خیال رہے کہ بی جے پی ہریانہ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ارون یادو نے منور فاروقی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی، جس میں ان پر ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کا الزام لگایا گیا اور پولیس سے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ پرفارم نہ کریں۔ یادو نے شکایت میں لکھا کہ ’’سماج کے مختلف طبقات کے درمیان امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس معاملے کو دیکھیں اور اسے روکیں۔ اس کی سرگرمیوں سے میرے ہندو عقیدے کو ٹھیس پہنچی ہے‘‘۔

تازہ ترین